روزہ کن چیزوں سے ٹوٹ جاتا ہے ؟ اور کن چیزوں سے نہیں ٹوٹتا؟

0





کُلّی کرنے، نہانے، خوشبو سونگھنے، تیل یا سرمہ لگانے، انجکشن یا ڈرپ لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔روزے کی حالت میں آنکھ یا کان میں دوا یا پانی و غیرہ ڈالنے یا خود بخود چلے جانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ اگر کسی شخص کے کان کے پردے میں سوراخ ہو اور اس میں دوا و غیرہ ڈالنے یا خود بخود چلے جانے کی صورت میں وہ حلق سے اتر جائے تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا۔ ناک میں دوا و غیرہ ڈالنے سے روزہ اس وقت ٹوٹتا ہے جب وہ حلق سے نیچے اترجائے، اس لیے روزے کی حالت میں ناک میں دوا ڈالنے سے اجتناب کرنا چاہیے کیوں کہ اس بات کا قوی اندیشہ ہے کہ دوا حلق سے اتر جائے۔ روزے کی حالت میں قے اُلٹی کرنے کا حکم: روزے کی حالت میں اگر اپنے اختیار سے الٹی کی تو اس صورت میں اگر وہ الٹی منہ بھر کر ہو تو روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس سے کم ہو تو نہیں ٹوٹتا۔ منہ بھر کر اُلٹی کا مطلب یہ ہے کہ اسے روکنے یا واپس نگلنے میں مشکلات کا سامنا ہو۔ اور اگر الٹی بلااختیار خود بخود ہوگئی تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے جتنی بھی ہو۔الٹی کو اپنے اختیار سے واپس پیٹ میں داخل کردیا تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، البتہ اگر بلااختیار خود بخود پیٹ میں واپس چلی جائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے جتنی بھی ہو

۔ روزے کی حالت میں احتلام ہوجانے سے روزے پر کچھ اثر نہیں پڑتا۔ روزے کی حالت میں جان بوجھ کر کھانے پینے کا جماع کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس صورت میں قضا اور کفارہ دونوں لازم ہوتے ہیں۔ روزے کی حالت میں بیوی سے بوس و کنار کرنے سے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، البتہ اگر اس کے نتیجے میں انزال یا جماع تک نوبت آنے کا اندیشہ ہو تو بوس و کنار سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔روزے کی حالت میں بوس و کنار سے انزال ہوجائے تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس صورت میں صرف اس کی قضا لازم ہوتی ہے، کفارہ نہیں۔روزے کی حالت میں محض نگاہ کرنے یا بُرے خیالات آنے سے ہی انزال ہوجائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔روزے کی حالت میں بلااختیار مکھی، دھواں یا دھول حلق سے اترجائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، لیکن اگر کوئی جان بوجھ کر ایسا کرے تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس صورت میں صرف قضا لازم ہوتی ہے، کفارہ نہیں۔روزے کی حالت میں مسواک کرنا درست ہے، چاہے خشک ہو یا تر، البتہ ٹوتھ پیسٹ کرنا مکروہ ہے لیکن اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا، روزہ اس وقت ٹوٹے گا جب اس کے ذرات حلق سے اتر جائیں۔

روزے کی حالت میں کوئی چیز چکھ کر تھوک دینے سے روزے نہیں ٹوٹتا لیکن بلاعذر ایسا کرنا مکروہ ہے، اگر کوئی عورت بچے کے لیے غذا نرم کرنے کے لیے کوئی چیز چبا کردے تو مجبوری میں ایسا کرنا جائز ہے، البتہ اس بات کا خیال رہے کہ اس چیز کا کوئی ذرہ حلق سے نیچے نہ اترے، ورنہ تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔ وضو اور غسل کے دوران غلطی سے پانی حلق سے اترجائے تو اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس صورت میں صرف قضا لازم ہوتی ہے، کفارہ نہیں۔ روزے کی حالت میں کلی کرنے کے بعد ایک دو بار تھوک دینا کافی ہے، اس کے بعد منہ میں جو تَری رہ جاتی ہے اس سے روزے پر کچھ اثر نہیں پڑتا۔کسی شخص نے غلطی سے صبح صادق طلوع ہوجانے کے بعد سحری کرلی اس خیال سے کہ ابھی بھی سحری کا وقت باقی ہے تو ایسے شخص کا روزہ نہیں ہوتا، ایسا شخص افطار تک روزے داروں کی طرح کچھ کھائے پیے گا نہیں، اور اس کے ذمے اس روزے کی قضا لازم ہے، کفارہ نہیں۔کوئی شخص روزے کی حالت میں تھا اور اس کو کوئی ایسا شدید مرض یا عذر لاحق ہوگیا کہ جس کی وجہ سے روزہ برقرار رکھنا اس کے لیے نقصان دہ ہوگیا تو وہ روزہ توڑ سکتا ہے،

اس کے ذکے اس روزے کی قضا لازم ہے، کفارہ نہیں۔روزے کی حالت میں غسل کرنے کا حکم:اگر کسی پر غسل فرض ہو تو روزے کی حالت میں غسل کرنا بالکل درست ہے، البتہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ایسے غسل میں چونکہ غرارے کرنا اور سانس کے ذریعے ناک میں پانی چڑھانا فرض ہے تو روزے کی حالت میں اس فرض پر عمل کیسے کیا جائے؟ یہ دراصل ایک غلط فہمی ہے، اس لیے پہلے اصل مسئلے کو سمجھنا چاہیے، مسئلہ یہ ہے کہ ایسے غسل میں کلی کرنا اور ناک میں پانی ڈالنا تو فرض ہے البتہ غرارے کرنا اور ناک میں پانی سانس کے ذریعے اوپر تک چڑھانا فرض نہیں بلکہ یہ اس شخص کے لیے سنت کے درجے میں ہے جو روزہ دار نہ ہو، اور جو روزے دار ہو اس کے لیے ایسے غسل میں غرارے کرنے اور ناک میں پانی چڑھانے کا حخم نہیں، بلکہ روزے دار شخص کے لیے اصل حکم یہ ہے کہ وہ اچھی طرح کلی کرے اور اچھی طرح ناک میں پانی ڈالے تو یہی کافی ہے، اس سے فرض ادا ہوجاتا ہے۔اللہ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔آمین










شیئر کریں

Leave A Reply

Your email address will not be published.